اسلام آباد،2جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے ۔جے آئی ٹی کی کارروائی جاری ہے۔اے آر وائے نیوز کے مطابق سمن جاری ہونے کے بعد وزیر اعظم کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز پہلی بار جے آئی ٹی کو سوالات کے جوابات دینے کیلئے سخت سیکیورٹی میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے ہیں جو جے آئی ٹی کو اپنے بیان کی تائید میں دستاویز فراہم کریں گے۔انکی آمد پر سیکیورٹی کیسخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔حسن نواز کو 31مئی کوجے آئی ٹی کی جانب سے طلب کیاگیاتھا تاہم انہوں نے قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے اپنا بیان ریکارڈ نہیں کرایا اور کمیٹی سے مہلت مانگی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے بڑے بیٹے حسین نواز کو کل چوتھی پیشی کیلئے بلایا گیا ہے اور اس حوالے سے سمن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھی جے آئی ٹی نے حسین نواز سے 6گھنٹے تک تحقیقات کی تھیں جنہیں کل دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔